ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / خلیجی ممالک دُنیا کی چھٹی معاشی طاقت بن سکتے ہیں،جی سی سی رکن ممالک اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھائیں:محمد بن سلمان

خلیجی ممالک دُنیا کی چھٹی معاشی طاقت بن سکتے ہیں،جی سی سی رکن ممالک اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھائیں:محمد بن سلمان

Sat, 12 Nov 2016 11:02:07    S.O. News Service

ریاض11؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کے نائب ولی عہد اوروزیردفاع شہزادہ محمدبن سلمان نے کہاہے کہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے پاس دنیا کی چھٹی معاشی طاقت بننے کا سنہری موقع ہے۔ اگرخلیجی ممالک نے درست سمت میں کام جاری رکھا تو پیش آئندچندبرسوں میں خلیجی بلاک دنیا کی چھٹی بڑی معاشی قوت بن سکتا ہے۔دارالحکومت ریاض میں منعقدہ خلیجی ممالک کی اقتصادی ترقی کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ہم خطے کو دنیا کی بہترین معاشی قوت بنانے کے لیے دستیاب مواقع سے بھرپور استفادے کی کوشش کررہے ہیں۔ چونکہ ہم ایک ایسیدور میں سانس لے رہے جب پوری دنیاغیرمعمولی معاشی اتاروچڑھاؤ کا شکار ہے۔ اس وقت دنیا میں معاشی بلاک بن رہے ہیں۔ ہمارے پاس بھی ایک مضبوط معاشی بلاک تشکیل دینے کا بہترین موقع ہے۔ خلیجی کی اقتصادی ترقی کمیٹی ہمارے اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا بہترین فورم ہے۔ خلیجی ممالک میں اقتصادی اور معاشی طور پر مضبوط طاقت بننے کی صلاحیت موجود ہے۔ ہمیں مل کر اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اقتصادی اور معاشی ترقی کی منزلیں طے کرنا ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ چند برسوں کے دوران خلیجی ممالک نے معاشی ترقی کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ہمارے ملکوں اور اقوام نے ان کامیابیوں کے ثمرات سے بھی فائدہ اٹھایا ہے۔ خطے کی اقتصادی ترقی کے لیے ہمارے پاس اب بھی ان گنت مواقع موجود ہیں۔ خلیج تعاون کونسل کے ممبر ممالک مل کر معاشی طاقت بن سکتے ہیں۔خیال رہے کہ گذشتہ روز ریاض میں خلیج تعاون کونسل کی اقتصادی ترقی کمیٹی کے اجلاس میں متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم الشیخ منصور بن آید آل نھیان، بحرین کے شاہی مندوب برائے بہبود امور نوجوانان الشیخ ناصر بن حمد آل خلیفہ، سلطنت آف اومان کے مندوب اور وزیر خالد بن ھلال بن سلطان سعود البوسعیدی، قطر کے وزیرخارجہ الشیک محمد بن عبدالرحمان جاسم آل ثانی، کویت کیوزیر مملکت الشیخ محمد بن عبداللہ المبارک الصباح اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالطیف بن راشد الزیانی نے شرکت کی۔


Share: